Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پی ایس ایل 6 : پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

194 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 19ویں اوورز میں حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹی

کراچی (نیوزپلس) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے 194 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 19ویں اوورز میں حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹی۔

ملتان سلطانز نے بیٹنگ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بڑا ہدف پشاور زلمی کے لیے مقرر کیا۔

اننگز کے آغاز میں کرس لین ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور زلمی کے محمد عرفان نے انھیں ایک رن بنانے کے بعد ہی پویلین کی راہ دکھادی۔

ایسے میں محمد رضوان نے جیمز وینس کے ساتھ مل کر ٹیم کو 82 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، جہاں رضوان خود آسان گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔

جیمز وینس کا بلا رنز اگلتا رہا اور اب ان کا ساتھ صہیب مقصود دے رہے تھے جنہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کی باری کا خاتمہ ثاقب محمود نے کیا۔

جیمز وینس اور صہیب مقصود نے 71 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم اس شراکت کے بعد جیمز کے ساتھ ریلی روسو وکٹ پر کھڑے رہے۔

جیمز وینس نے رواں سیزن میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے 55 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو 193 ٹوٹل تک پہنچادیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی جہاں سب سے پہلے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے 57 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔

کامران اکمل کو عثمان قادر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا تو اس کے بعد ٹام کوہلر کیڈمور نے ٹیم کو سنبھالا اور امام الحق کے ہمراہ 76 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 134 پہنچ گیا۔

اس مجموعے پر امام الحق رن آؤٹ ہوگئے، تاہم اس کے بعد 153 پر ردرفرڈ اور 160 پر کوہلر بھی پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی لمحات میں جب پشاور زلمی کو 12 کی اوسط سے رنز درکار تھے تو حیدر نے 8 گیندوں پر 2 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو پہلی فتح سے ہمکنار کروایا۔

پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی آخر گیند پر 194 رنز کا ہدف حاصل کر کے ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹ لی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ عثمان قادر کے حصے میں آئی۔

میچ میں ٹام کوہلر کیڈمور کی عمدہ پرفارمنس پر انھیں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More