لاہور (نیوزپلس) پشاور زلمی اور ہائیر پاکستان کی وننگ پارٹنر شپ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل پانچویں سال بھی ہائیر پاکستان پشاور زلمی کا مین ٹائٹل اسپانسر بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی میڈیا اور برانڈ ویلیو کے اعتبار سے نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی اور ہائیر پاکستان کے درمیان مین ٹائٹل اسپانسر شپ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
لاہور میں پشاور زلمی کے چئیرمین جاوید آفریدی اور ہائیر پاکستان کے مسٹر فینگ نے اسپانسر شپ معاہدے پر دستخط کئے
ہائیر اینڈ ربا اکنامک زون لاہور میں اسپانسر شپ معاہدے کی تقریب میں پشاور زلمی اور ہائیر پاکستان کی مینجمنٹ کے ساتھ اسٹار کرکٹرز وہاب ریاض، امام الحق اور کامران اکمل نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ہائیر پاکستان کے ساتھ معاہدے پر خوشی ہے، پشاور زلمی اور ہائیر پاکستان ملک میں کرکٹ اور اسپورٹس کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ ہا ئیر پاکستان نے ملک میں ڈومیسٹک اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس وقت بھی سپورٹ اور اسپانسر شپ فراہم کی جب پاکستان اپنی تمام ہوم سیریز ملک سے باہر کھیل رہا تھا۔
ہائیر پاکستان اور زلمی فاؤنڈیشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے اسپانسر شپ فراہم کی۔
جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ 6 سیزنز کی طرح ان شاء اللّٰہ کامیابی سے ہم کنار ہوگا، پی ایس ایل میچز کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے۔
ہائیر پاکستان کے مسٹر فنگ نے پشاور زلمی کے ساتھ میڈیا پارٹنر شپ پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ وننگ پارٹنر شپ جاری رہے گی۔