سارا افضل
نیا چینی سال ، رونقوں کی بحالی کا سال
چینی قمری کیلنڈر کی ترتیب کے مطابق ۲۰۲۳ ، خرگوش کا سال ہے ، خرگوش کیلنڈر کے جانوروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔روایات کے مطابق خرگوش اپنی سبک رفتاری پر بے حد فخر کرتا تھا بلکہ اس پر غرور کرتا تھا ۔ وہ بیل کاپڑوسی تھا اور ہمیشہ اس بات کا مذاق اڑاتا تھا کہ بیل تو بے حد سست ہے۔ ایک دن ، جیڈ شہنشاہ نے کہا کہ قمری کیلنڈر کی ترتیب اس بنیاد پر طے کی جائے گی کہ تند وتیز دریا کو پار کر کے اس کے محل میں شام سے پہلے تک کون سے جانور کس ترتیب سے پہنچیں گے ۔ خرگوش دن چڑھے ہی بادشاہ کے محل کی طرف روانہ ہوا۔ تیز رفتار تو وہ تھا ہی ،سو فوراً ہی محل کے باہر پہنچ گیا لیکن وہاں اسے کوئی دوسرا جانور نظر نہیں آ رہا تھا۔ اس نے سوچا سب سست ہیں ، شام سے پہلے تو یہاں کوئی نہیں پہنچنے والا اس لیے وہ سستانے کے لیے درخت کے نیچے لیٹا اور سو گیا ۔ جب وہ بیدار ہوا اور محل میں داخل ہوا تو تین جانور وہاں پہنچ چکے تھے اور ان میں سے ایک تو اس کا وہی ہمسایہ بیل تھا جسے اس کی سستی کی وجہ سے وہ ہمیشہ حقارت کی نظر سے دیکھتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جیڈ بادشاہ کے محل میں پہنچنے والا رفتار کا بادشاہ خرگوش ، قمری کیلنڈر کا چوتھا جانور بنا۔ اول نمبر پر چوہا رہا لہذا چینی کیلنڈر کا پہلا سال چوہے سے منسوب ہے دوسرا بیل ، تیسرا شیر ، چوتھا خرگوش اس کے بعد بالترتیب اژدھا ، سانپ ، گھوڑا ، بکری ، بندر ، مرغ ، کتا اور سور کے ساتھ بارہ سال کا یہ کیلنڈر ترتیب پایا ۔ چینی علم نجوم کے مطابق، ہر قمری سال پانچ عناصر میں سے ایک کے ساتھ منسلک ہوتا ہے، یہ پانچ عناصر سونا (دھات)، لکڑی، پانی، آگ اور زمین ہیں . ۲۰۲۳جو کہ خرگوش کا سال ہے رواں سال اس کا عنصر پانی ہے اور یہ عنصر ہر ۶۰ سال بعد آتا ہے.
نئے سال کی آمد کے موقع پر جہاں بہت سی روایتی سرگرمیاں مثلاً ڈریگن اور شیر کا روایتی رقص ، پتلی تماشے ، مخصوص اوپرا ، روایتی کھانوں کے میلے وغیرہ دیکھنے کو ملتے ہیں وہیں اس موقع پر یادگاری ٹکٹس اور یادگاری سکے بھی جاری کیے جاتے ہیں ۔ یہ بہت خاص معنی اور مفہوم کو ذہن میں رکھ کر ڈیزائن کیے جاتے ہیں اور اگر یہ کہیں کہ ہر سال کا سکہ اور ٹکٹ اس سال کے لیے چین کے عزائم اور توقعات کا اظہار کر کے تاریخ کا حصہ بنتا ہے تو غلط نہیں ہوگا ۔
نئے سال کے موقع پر یادگاری ٹکٹ پہلی مرتبہ ، ۱۹۸۰ میں چینی سالِ نو کے موقع پر جاری کیے گئے تھے ، وہ سال بندر کا سال تھا۔ اس کے بعد سے ہر نئے سال کے موقع پر ڈاک ٹکٹ جاری کیے جاتے ہیں ۔رواں برس بھی چائنا پوسٹ نے دو خصوصی ڈاک ٹکٹس کا ایک سیٹ جاری کیا۔ ان ٹکٹس کو ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری کسی بڑے آرٹسٹ کو دی جاتی ہے ،اس سال یعنی خرگوش کے سال کے ڈیزائنر ، ۹۸ سالہ ہوانگ یونگیو ہیں جو اعلی پائے کے مصور ، شاعر ، ناول نگار اور مضمون نویس ہیں ، ۱۹۸۰ میں جو پہلا یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا تھا اس کے ڈیزائنر بھی ہوانگ یونگیو ہی تھے ۔
رواں سال کے ایک ڈاک ٹکٹ کا عنوان "دانشمند خرگوش” ہے ،یہ خوشی سے بھرپور مسکراہٹ چہرے پر سجائے اپنے ہاتھ میں قلم اور کاغذتھامے کھڑا ہے۔ نیلا رنگ نئے سال کے لیے نیک خواہشات کی علامت ہے ۔یہ قلم اور کاغذنئے سال میں خوشحالی کی نئی کہانی تحریر کرنے کے عزم کی علامت ہیں ۔
دوسرے ڈاک ٹکٹ کی تھیم ” زندگی کا پہیہ "ہے جس میں سفید ، پیلے اور ہلکے نیلے رنگ کے تین خرگوش ایک دائرے میں پوری رفتار کے ساتھ دوڑنے کے انداز میں دکھائے گئے ہیں، پس منظر میں سرخ رنگ کے بادلوں کے مرکز میں جیڈ خرگوش ہے ، جو چینی روایات میں چاند کی دیوی چانگ ای کا ساتھی کہا جاتا ہے ، وہ ایک جادوئی سدا بہاردرخت کے نیچے امرِت بنا رہا ہے ۔ یہ ڈیزائن وبا کے حالات میں اچھی صحت اور جوش وجذبے سے آگے بڑھنے کی عکاسی کرتا ہے اور پیغام دیتا ہے کہ زندگی کا یہ پہیہ چلتا رہے گا اور چین اپنی حکمت و دانش سے اس کو رواں رکھنے میں ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔
سالِ نو کی مناسبت سے چین کے مرکزی بینک نے بھی یادگاری سکوں کا ایک سیٹ جاری کیا ۔پیپلز بینک آف چائنا کے مطابق، تین سکوں کے سیٹ میں ، 10 یوآن کا سونے کا سکہ، 3 یوآن کا چاندی کا سکہ اور دس یوآن مالیت کا مرکب تانبے کا سکہ شامل ہیں سونے اور چاندی کے سکے پرچھ ستاروں والا قومی نشان اور سال ۲۰۲۳ کندہ ہے ان سکوں پر چینی لفظ "فو”بھی کندہ ہے، جو خوشی اور خوش قسمتی کی علامت ہے، اور انہیں شیر کےرقص جیسے چینی روایتی تہوار کے ڈیزائن کے ساتھ سجایا جاتا ہے.
دو رنگوں کے۱۰ یوآن مالیت کے مرکب تانبے کے سکے پر ، روایتی چینی پیپر کٹنگ آرٹ کے نمونے اور نئے سال کے عناصر کے ساتھ ، خرگوش کی شبیہہ ہے۔
وبا کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں گزشتہ تین سال بہت سخت رہے ہیں اور اب چین کی جانب سے انسدادِ وبا کے اقدامات میں کی جانے والی ترامیم کے بعد یہ پہلا جشنِ بہار ہے ، اسی لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ملک میں اور بیرونِ ملک سفر کے لیے پرجوش ہے ۔ ملک میں بازاروں اور تفریحی مقامات کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں۔ یادگاری سکے ہوں یاڈا ک ٹکٹس میں پیش کیے گئے پیغامات ، گلی کوچوں میں سجی سرخ لالٹینیںاور نئے سال کی آرائشی اشیا کے رنگین سٹالز ہوں یا مختلف تفریحی مقامات پر بے فکری سے کھیلتے، خوشی مناتے لوگ ، یہ سب اس بات کا اعلان ہیں کہ چین کا نیا سال ایک سخت دور کے بعد ایک نئے آغاز کا سال ثابت ہوگا ۔