استنبول کے نائٹ کلب میں لگنے والی آگ سے 29 افراد ہلاک، کئی زخمی
حادثے میں 8 افراد زخمی ، 7 کی حالت تشویش ناک
استنبول: ترکیہ کے شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب میں دن کے وقت مرمت کے کام کے دوران لگنے والی آگ میں کم از کم 29 افراد مارے گئے۔
ترکیہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق استنبول گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حادثے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے سات کی حالت تشویش ناک ہے۔
گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آگ شہر کے یورپی حصے میں وسطی استنبول کے بیسیکتاس ضلع میں شروع لگی اور مارے جانے والے تمام افراد تعمیراتی کارکن تھے۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ آگ زیر زمین واقع اس جگہ پر تزئین و آرائش کے دوران لگی۔
ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز تنک نے ایکس پر لکھا کہ حادثے کے حوالے سے پانچ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، جن میں تین افراد وہ شامل ہیں جو نائٹ کلب کا انتظام سنبھالتے تھے، ایک تزئین و آرائش کا ذمہ دار تھا۔
انہوں نے کہا کہ سائٹ کے معائنے اور شواہد جمع کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور پیشہ ورانہ حفاظت اور آگ میں مہارت رکھنے والے تین ماہرین کی ایک ٹیم بھی آگ لگنے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔۔