آرمی چیف سے چین کے وزیر لیو جیان چاؤ کی ملاقات ، سی پیک ، علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (آئی ڈی سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جمعہ کو پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے سی پی ای سی کے کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
چین کے سفیر لیو جیان چائونے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
بشکریہ: اے پی پی