Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں میاں بیوی قتل

ہلاک میاں بیوی کراچی میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم واحد عرف فوجی جلبانی کے سہولت کار تھے۔

کراچی (نیوزپلس) کراچی شرقی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک فلیٹ میں نامعلوم ملزمان نے  گھس کر میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق قتل کی واردات آج صبح 8 بج کر 26 منٹ پر ہوئی۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق یہ واردات شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستانِ جوہر کے رہائشی اپارٹمنٹس بلیز گارڈن میں ہوئی، ایس ایس پی نے کہا کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ سے قتل کئے گئے جعفر حسین اور ان کی اہلیہ فوزیہ جعفر کراچی پولیس کے ایک انسپکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان کے سہولت کار تھے، ہلاک میاں بیوی کراچی میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم واحد عرف فوجی جلبانی کے سہولت کار تھے۔

پولیس کے مطابق واحد عرف فوجی جلبانی گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم شاہ کو گلستان جوہر میں حملے میں شہید کرنے کا مرکزی ملزم تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق مقابلے میں ہلاک ملزم واحد عرف فوجی جلبانی دونوں میاں بیوی کے ساتھ ان کے فلیٹ میں آکر رکتا تھا، پولیس کے مطابق رحیم شاہ کے قتل کے بعد چھاپے کے دوران ملزمان فوزیہ جعفر کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کا شوہر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

بعد ازاں دونوں میاں بیوی نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔

ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس کو ابتدائی تفتیش میں شبہ ہے کہ دونوں میاں بیوی کو مبینہ طور پر فوجی جلبانی کے گروہ کے ملزمان نے پولیس کو مخبری کے شبہ میں قتل کیا ہے۔

سی سی کیمرہ فوٹیج میں 8 بج کر 28 منٹ پرتینوں ملزمان کو تیزی سے واپس بھاگ کر سیڑھیوں سے اترتے دیکھا جاسکتا ہے، تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر بیٹھے اور فرار ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More