Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

افغانستان :ننگرہار میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری بھی شامل

ننگرہار (نیوز پلس / ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے ننگرہار میں کار بم دھماکے میں کم از کم 15 افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ،دھماکے  کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری بھی ہیں

افغان خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبے ننگرہار کے ضلع غنی خیل میں دہشت گردوں نے ضلعی گورنر کے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔

دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کے دوران کار میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے اور دھماکے کے جاں بحق اور زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے رکن عبیداللہ شنواری نے تصدیق کی ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں 8 شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کار بم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم افغان حکومت نے طالبا ن کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر ابراہیم مہمند نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری بھی دھماکے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں امپائر کے خاندان کے 7 افراد بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

امپائر بسم اللہ جان شنواری نے متعدد انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

تاہم اس حوالے سے اب تک افغان کرکٹ بورڈ یا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More