9 مئی کو اقتدار کی ہوس میں وطن پر حملہ کیا گیا، خواجہ آصف
9مئی کے منصوبہ سازوں اور عمل کرنے والوں کو قوم پہچانتی ہے،ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئین اورقانون کرے گا، وزیر دفاع
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ایک شخص اور گروہ نے اقتدار کی ہوس میں وطن پر حملہ کیا،9مئی کے منصوبہ سازوں اور عمل کرنے والوں کو قوم پہچانتی ہے،ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئین اورقانون کرے گا۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی ہمیشہ اس بات کی یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اقتدار کی ہوس میں وطن پرحملہ کیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، اس کا تصور ہمارے بدترین ازلی دشمن بھی نہیں کرسکتے تھے، ان کے چہرے پاکستان کے عوام کی یادداشت پر نقش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کیا گیا، پاک فوج کی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس کا تصور دنیا کے کسی بھی ملک میں کسی بھی حالات میں نہیں کیا جاسکتا، قوم 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو پہچانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے نعروں کی بازگشت آج بھی ہمیں اس افسوسناک دن کی یاد دلاتی ہے، ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئین اور قانون کرے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عہد کریں کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو پاک سرزمین کی آبرو کو پامال کرنے نہیں دیں گے، اپنے محسنوں کی یاد کی تکریم و تقدس کریں گے۔