گڑھی خدا بخش (نیوزپلس) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔ گڑھی خدا بخش میں اپنی والدہ محترمہ بینظر بھٹو کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ بی بی آج ہوتیں تو کٹھ پتلی مقابلہ نہیں کر سکتے تھے۔ حکمرانوں نے غریب، تاجر، مزدور، کسان، ڈاکٹرز اور اساتذہ تک کو نہیں چھوڑا لیکن اب اب عوام اس سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑیں گے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مہنگائی اور غربت سے تنگ عوام کٹھ پتلی کو نہیں چھوڑیں گے۔ یہ منتخب نہیں غاصب ہے جس نے تمام حقوق غصب کیے۔ کیسے مان لوں کہ ملک میں جمہوریت ہے۔ اگر کوئی جلسہ کرے تو گرفتاریاں ہوتی ہیں، ہم جمہوریت کی بحالی کیلئے آمروں سے ٹکرائے، یہ کس کھیت کی مولی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اس سلیکٹڈ اور نااہل کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو ملک کا بیڑہ غرق کر دیں گے۔ جو عوام کی طاقت سے ٹکراتا ہے وہ پاش پاش ہو جاتا ہے۔ آٹا، چینی، بجلی اور گیس چوروں کا وقت اب ختم ہو گیا ہے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں ریکارڈ قرض لیے گئے۔ عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ قرض کہاں گیا؟ قرضوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بجلی، گیس، ادویات اور اشیائےخورونوش مہنگی ہیں۔ عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور لیکن نالائق کو فکر نہیں، فکر عوام کا ووٹ لینے والوں کو ہوتی ہے۔ اب یہ کھلواڑ، سلیکشن اور سلیکٹرز کا کاروبار بند ہوگا۔