راولپنڈی (نیوز پلس)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ 27 فروری 2019 سے اب تک پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر 60 سے زائد بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ اسی عرصے میں پاکستان نے کئی بھارتی فوجیوں کو زخمی اور ان کے بنکرز کو تباہ کیا، آرٹلری گن (توپ خانوں) کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچایا اور جگہ تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔
جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے 2 بھارتی ایئرفورس کے طیاروں کو مار گرایا جبکہ بھارتی فورسز نے خوف کے مارے اپنے ہی 2 ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنا دیا۔