18ویں اسپیکرز کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں 11 دسمبر 2024 کو سیکریٹریز کانفرنس منعقد ہو گی
اسلام آباد: وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے اور قانون سازی کے عمل میں درپیش چیلنجز کا باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل تلاش کرنے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں 18ویں اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ 18ویں اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد 19 اور 20 دسمبر 2024 کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں متوقع ہے۔
کانفرنس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہو گی اور اس دو روزہ کانفرنس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکرز صوبائی اور قانون ساز اسمبلیوں کے اراکین کے وفود کے ساتھ شرکت کریں گے ۔کانفرنس میں قانون سازی کے مشترکہ ویژن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
18ویں اسپیکرز کانفرنس 2014 کے بعد دس سال کے بعد ایک بار پھر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ 2014 میں 17ویں اسپیکرز کانفرنس بھی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہوئی تھی، اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد اسپیکر قومی اسمبلی کے وفاقی اور صوبائی قانون سازی اداروں کے مابین تعاون اور رابطوں کوفروغ دے کر باہمی مشاورت سے قانون سازی کے طریقہ کار کو مزید موثر اور بہتر بنانے کی کوششوں کی عکاسی ہے ۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پارلیمانی اداروں کو موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز کو مؤثر طریقے نمٹنے کے لئے سے مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنا ہے۔
18ویں اسپیکرز کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں، 11 دسمبر 2024 کو سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی سید طاہر حسین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکریٹریز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ یہ اہم اجلاس ایک دیرینہ پارلیمانی روایت ہے، جو اسپیکرز کانفرنس کےایجنڈے کو حتمی شکل دینے اور قانون ساز اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔
سیکریٹریز کانفرنس میں صوبائی اسمبلی پنجاب، صوبائی اسمبلی سندھ، صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اور صوبائی اسمبلی بلوچستان کے سیکریٹریز کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان قانون ساز کے سیکرٹریز صاحبان شرکت کریں گے۔شرکاء اپنے متعلقہ مقننہ کی طرف سے تجویز کردہ ایجنڈے پر غور کریں گے اور 17ویں اسپیکرز کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کے نفاذ کا جائزہ لیں گے۔
18ویں اسپیکرز کانفرنس میں کئی اہم قانون سازی کے موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں پارلیمانی کارروائیوں میں نظم و ضبط اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے انسٹی ٹیوشن آف وپس کو مضبوط بنانا، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے آئین میں حال ہی میں شامل کردہ آرٹیکل 9-اے پر عمل درآمد، قانون سازی کے طریقہ کار میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات،رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ایک قابل اعتماد ورچوئل پارلیمنٹ کا قیام،پارلیمنٹ اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینا اور قانون سازی کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے قواعد و ضوابط پر نظرثانی شامل ہیں۔
اسپیکرز کانفرنس کی ایک تاریخی پارلیمانی روایت ہے اس کی ابتدا 1921 میں ہوئی جب پہلی اسپیکرز کانفرنس شملہ میں سنٹرل لیجسلیٹو اسمبلی کے اسپیکر مسٹر فریڈرک وائٹ کی قیادت میں منعقد ہوئی، اسپیکرز کانفرنس پاکستان میں بین المقننہ مکالمے اور تعاون کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔