کراچی (نیوز پلس ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 11سو ارب کے ترقیاتی پیکیج کو اچھی شروعات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو ریلیف کے کاموں میں مدد کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران خان بھی عوام کی مدد کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔
ہاکس بے روڈ پر کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاق نے جو ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے، اس میں سے 800 ارب کے سندھ حکومت کے منصوبے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کے لیے وفاق کے 300 ارب روپے کے منصوبے ہیں، 1100 ارب کا یہ پیکیج شہر کی ترقی کےلیے اچھی شروعات ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری کے دور حکومت میں جب سیلاب آیا تھا تو ہم نے وطن کارڈ سے عوام کی مدد کی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عوام ڈوب رہے ہیں، ان کے جان و مال اور فصل نقصان میں ہیں، سیلاب متاثرین کی وطن یا پاکستان کارڈز سے مدد کی جائے۔