یوٹرن، جھوٹ،الزامات، دنگا فساد،لشکر کشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، شازیہ مری

یوٹرن، جھوٹ،الزامات، دنگا فساد،لشکر کشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، شازیہ مری

ایک ضدی و گھمنڈی شخص کو خوش کرنے کیلئے ملک کو بار بار نقصان پہنچایا جا رہا ہے،پاکستان کو استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے، انتشار اور تقسیم کی نہیں،پی ٹی آئی بتائے جیل میں ہر قسم کی سہولت کتنے قیدیوں کو ملتی ہے؟، بیان

اسلام آباد:  ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ یوٹرن، جھوٹ،الزامات، دنگا فساد،لشکر کشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے،ایک ضدی و گھمنڈی شخص کو خوش کرنے کیلئے ملک کو بار بار نقصان پہنچایا جا رہا ہے،پاکستان کو استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے، انتشار اور تقسیم کی نہیں،پی ٹی آئی بتائے جیل میں ہر قسم کی سہولت کتنے قیدیوں کو ملتی ہے؟۔

ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے پی ٹی آئی احتجاج کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ ایک بار پھر ملک میں انتشار پھیلانے کی کال دی گئی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے، انتشار اور تقسیم کی نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کے نام پر پیٹرول بم پھینکنا، گاڑیاں جلانا اب پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، ہمیں احتجاج سے مسئلہ نہیں، انتشار اور نفرت کی سیاست کرنے پر افسوس ہوتاہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹرن، جھوٹ،الزامات، دنگا فساد اور لشکر کشی اس ٹولے کا وطیرہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی میں جو سمجھدار لوگ تھے وہ خاموش اور غیر ذمہ دار لوگوں کو پارٹی کی باگ دوڑ دیدی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر ملک نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کی خوشنودی میں لگے ہیں جو اپنی ذات کی خاطر کچھ بھی کرسکتاہے، ہمارے لئے ملک اہم ہے،کوئی سیاسی جماعت ملک سے بالاتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ حکومت میں تھے تو ملک کو نقصان پہنچایا اور اب اپوزیشن میں بھی بیٹھ کر بھی عوام کی کوئی فکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی نے تو مشورہ بھی دیا تھا کہ اپنے مقدمے عدالتوں میں لڑیں اور کچھ عوام کا سوچیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک ضدی اور گھمنڈی شخص کو خوش کرنے کے لیئے ملک کو بار بار نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، انہیں گمراہ کیا جارہا ہے، عمران نیازی اپنے بچوں کو عیش و عشرت میں رکھ کر اس قوم کے بچوں کو گمراہ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی اور سالمیت میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،جب ملک ترقی کریگا تب ہم سب ترقی کرینگے۔

 شازیہ مری  نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت اور کارکنان نے بیشمار تکلیفیں برداشت کی ہیں مگر انتشار نہیں پھیلایا، ہم نے آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر ملک کی ساکھ کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تو چیئرمین بلاول بھٹو نے سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کیا، ہماری قیادت نے سخت ترین جیل کاٹی، صدر زرداری نے بیگناہ 13 سال کی جیل کاٹی،پی ٹی آئی بتائے جیل میں ہر قسم کی سہولت کتنے قیدیوں کو ملتی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام کی خاطر ہمیں اتحاد اور امن کو فروغ دینا ہوگا، سیاست کو خدمت سمجھتے ہوئے ہمارے بڑوں ایک الگ ملک حاصل کیا، اس وقت ملک کو ہر پاکستانی بھائی، بہن، بزرگ، بیٹی اور بیٹے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کی خاطر ہمیں مل کر نفرت، انتشار اور تقسیم کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

ترجمان پیپلز پارٹیشازیہ مری
Comments (0)
Add Comment