اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حقوق کا مطالبہ طلباء کے بڑھتے ہوئے شعور کی عکاسی ہے جو خوش آئند ہے، طلباء وہ طاقت ہیں جس نے آنے والے دور میں جمہوری قیادت وجود میں لانی ہے اور ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا آہنی عزم رکھتے ہیں۔سماجی رابطے پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے طلباء کے مسائل کے فوری حل کے لیے وفاق اور صوبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر عمران خان کا مشن ہے۔ہمیں اپنے نوجوانوں کی سچائی کے اصولوں پر مبنی کردار سازی کرنی ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے متحرک کردار کو معاشرے کی فلاح، قومی مفاد سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔