ایڈیلیڈ(نیوز پلس) قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی۔ سیریز کے کچھ مثبت پہلو بھی ہیں۔ ہمیں سیکھنے کا موقع ملا۔ کھلاڑیوں نے کسی مرحلے پر بھی آسانی سے ہتھیار نہیں ڈالے۔ آسٹریلیا سے بدترین شکست کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے آسٹریلیا کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرناچاہتے ہیں جس نے تینوں شعبوں میں ہم سے بہتر کارکردگی پیش کی۔ ہم بہترٹیم سے ہارے ہیں جس نے تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی پیش کی۔آسٹریلیانے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ میزبان ٹیم نے دونوں ٹیسٹ چار روز میں اننگز سے جیتے۔ انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ نے غیر معمولی فائٹنگ اننگ کھیلی۔ بابراعظم کی بیٹنگ بھی متاثرکن رہی۔ ہماری بولنگ نوجوان اور ناتجربہ کار تھی۔ جو توقعات پر پورے نہ اتر سکے۔ تاہم یہی بولرز پاکستان ٹیم کا مستقبل ہیں اور یہی ٹیم کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ اظہر علی نے مزیدکہا کہ اگرآپ درست لائن اور لینتھ پرگیند نہیں کرائیں گے تو رنز کی رفتار تیز رہے گی جس پر قابو پانے کے لیے فیلڈنگ بھی بہتر کرنا ہو گی۔