گوادر علاقائی ترقی کا محور اور پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم کا نیو گوادر ایئرپورٹ کے ورچوئل افتتاح کے موقع پر خطاب

گوادر علاقائی ترقی کا محور اور پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم کا نیو گوادر ایئرپورٹ کے ورچوئل افتتاح کے موقع پر خطاب

اسلام آباد:  وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے نیو گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا محور بلکہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، مشترکہ مستقبل اور ہمہ جہت ترقی کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم ہائوس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعت، زراعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں، یہ دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے، چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ان کا شکرگزار ہوں، ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ ہے، ہم نے ملاقات کے دوران مفید اور تعمیری بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، صدر شی جن پنگ، چینی عوام کا گوادر ایئرپورٹ کا تحفہ دینے پر شکرگزار ہوں، پاکستان کی معاشی ترقی کے ایجنڈے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر شکرگزار ہیں، گوادر ایئرپورٹ سے نہ صرف گوادر بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا، سی پیک کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا گیا، یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد بلکہ چین اور پاکستان کے عوام کی امن و سلامتی کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل کیلئے چینی و پاکستانی انجینئرز اور ورکرز کی انتھک کوششوں سے یہ عالمی معیار کا منصوبہ مکمل ہوا، چین کی جانب سے پاکستان کیلئے یہ یادگار تحفہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل پر چینی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، چینی اور پاکستانی ورکرز نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات کام کیا، ان کی کاوش قابل تحسین ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے، چین پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی، مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔

بشکریہ: اے پی پی

پاکستان - چین - گوادر
Comments (0)
Add Comment