کیچز ڈراپ کرنا مہنگا پڑا، عمر گل
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ فیلڈنگ کی وجہ سے میچ کے نتیجے پر بہت اثر پڑتا ہے، کیچزڈراپ کرنا مہنگا پڑا۔
نیوز ی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے بعد آکلینڈ میں پریس کانفرنس کے دوران عمر گل نے کہا کہ 200 سے زائد رنز درکار ہوں تو ایک دو بڑی پارٹنرشپ کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گراؤنڈ کی تاریخ ہے یہاں 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کیا جاچکا ہے۔
فاسٹ بولنگ کوچ نے کہا کہ ان پچز پر کھیل سے آگاہی بہت ضروری ہے، محمد حفیظ نے نشاندہی بھی کی تھی پچ کے گرد ہی دوڑنا ہے، انہوں نے کہاکہ صائم ایوب نے آغاز اچھا کیا تاہم بدقسمتی سے وہ رن آوٹ ہوگئے، ہمیں آغاز تو اچھا ملا تاہم ہمیں ایک لمبی پارٹنرشپ کی بھی ضرورت تھی۔
عمر گل نے کہا کہ عباس کو میچ سے پہلے اور میچ کے دوران بتایا تھا ہارڈ لینتھ کو استعمال کرنا ہے، سلواور ورائٹی کیساتھ بولنگ کرنے کیلئے کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی نے ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کیا ہوا ہے، وائٹ بال کرکٹ میں فیلڈنگ کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔
فاسٹ بولنگ کوچ نے کہا کہ فیلڈنگ کی وجہ سے میچ کے نتیجے پر بہت اثر پڑتا ہے، میچ میں کیچز ڈراپ کرنا مہنگا پڑا، اگر ایسا نہ ہوتا تو رزلٹ مختلف ہوتا۔انہوں نے کہاکہ سیریز کا پہلا میچ تھا، ہم بیٹھ کر اس پر بات کریں گے، بابر اعظم ہمارا ٹاپ پلیئر ہے اور دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہے۔
عمر گل نے کہا کہ بابراعظم آؤٹ آف فارم نہیں تھے، بعض اوقات قسمت ساتھ نہیں دیتی، ٹاپ بیٹرز سے بڑی اننگز کی توقع کررہیتھے جو بدقسمتی سے نہیں ہو پارہی تھی۔