اسلام ٓباد۔ (نیوز پلس)مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں سال عالمگیر وبا کورونا کے باعث برآمدات کے حوالے سے 3 تخمینے تیار کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق یعقوب شیخ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کمیٹی کو برآمدات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنوری 2020 میں برآمدات 12 فیصد کے حساب سے بڑھ رہی رہی تھیں۔رزاق داوٗدنے کہا کہ مارچ میں برآمدات 6 سے 7 فیصد، اپریل میں 57 فیصد کم ہوگئیں، مئی میں برآمدات 37 فیصد اور جون میں 6 فیصد کم ہوئیں۔
مشیر تجارت نے کہا کہ اگست میں برآمدات 19 فیصد کم ہوئیں، ستمبر میں برآمدات بہتری کی جانب گامزن ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل لیدر اور دیگر شعبوں میں کپیسٹی کی کمی ہوگئی ہے، کئی سال سے بند ٹیکسٹائل یونٹس کی بحالی کے طریقہ کار بنا رہے ہیں۔عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اس سلسلے میں جمعے کو گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کروں گا، جو اشیاء پاکستان میں نہیں بنتیں ان پر زیادہ ڈیوٹیز لگائی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ای سی سی سے ڈیوٹیز میں کمی کی منظوری لیں گے، ٹیکسٹائل سیکٹر کو ایک سال کیلئے بجلی وگیس کے ریٹس نہ بڑھانے کا یقین دلایا ہے۔