لاہور(نیوز پلس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کے یک طرفہ اقدام نے کشمیریوں کی جدوجہد کو ایک نیا موڑ دیا ہے، سلامتی کونسل میں 54 سال بعد مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا، دیرینہ معاملے پر اب او آئی سی کو متحرک کرنا ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی طویل جدوجہد نے ایک نیا موڑ لیا ہے، 5 اگست کو بھارت نے غیر قانونی اقدامات اٹھائے، بھارت کے یکطرفہ اقدام نے کشمیریوں کی جدوجہد کو نیا موڑ دیا، مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متفق ہے، کشمیر ایشو پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، سیکیورٹی کونسل 54 سال بعد مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں جانے کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر آگیا، سلامتی کونسل اجلاس میں بھارت جتنی رکاوٹیں ڈال سکتا تھا، ڈال چکا، ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے بڑی چالاکی سے مسئلہ کشمیر کو دہشتگردی سے منسلک کر دیا، کشمیر ایشو عالمی مسئلہ بن گیا جو کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی قوانین کے تحت حل ہونا ہے۔