کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے پاکستان کی تکمیل کریں گے۔ چوہدری انوارالحق

 کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے  پاکستان کی تکمیل کریں گے۔ چوہدری انوارالحق

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری اسے اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں۔

مظفر آباد:    وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے 5 اگست یو م استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019  کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب  ہندوستان کی انتہاء پسند حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 اور35Aکو منسوخ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا سنگین خلاف ورزی کر کے آئینی جارحیت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جس کے پس پردہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر کے وہاں کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  اس اقدام کے بعد  انتہاء پسند مودی حکومت نے انتہا پسند ہندووں اور سابق فوجیوں کو ڈومیسائل جاری کر کے انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بسانے کا سلسلہ شروع کیا۔ 05اگست 2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا اور وہاں کا رابطہ دنیا سے منقطع کر کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا گیا تا کہ وہ بھارت کے اس مکروہ اقدام کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانچ اگست کے اس اقدام کو پانچ برس ہوگئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ایک بڑے  انسانی بحران اور المیے میں تبدیل ہو چکا ہے جو عالمی برادری کی بے حسی کو بھی بیان کررہاہے۔ مقبوضہ کشمیر ابھی بھی ایک بڑی جیل ہے جہاں عبادات پر پابندیاں اور شہری آزادیاں سلب ہیں۔  وزیرا عظم نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم گزشتہ ایک صدی سے جاری ہے لیکن ان کے پائیہ استقلال میں کبھی لغزش نہیں آئی۔5 اگست 2019 کے بعد ہندوستانی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر  میں ظلم کا ایک نیا دور شروع کیا۔انسانی تاریخ کے بدترین مظالم سہنے کے بعد کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ  پانچ اگست 2019 اور اس کے بعد کے یکطرفہ ہندوستانی اقدامات کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ میں کشمیریوں کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ پر پاکستانی عوام اور حکومت  پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ  دفاع وطن کیلئے قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پر افواج پاکستان کو بھی  سلام پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان کشمیریوں کی عزتوں اور عصمتوں کی محافظ ہے اور لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری اسے اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں۔ جبکہ ہندوستان کی قاتل افواج کشمیریوں کے لیے نفرت کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں آج کے دن اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور تنظیموں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے ظلم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں دنیا کو باور کرواتاہوں کہ اس خطے میں امن کا قیام صرف اسی صورت  ہوسکتا ہے جب کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیاجائے۔ میں تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء  اورکشمیریوں کی قربانیوں  پر انہیں سلام  کرتا ہوں۔

 وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مزید کہا کہ  آزادی کا سفر کٹھن ضرور ہے لیکن اس کی منزل انشاء اللہ زیادہ دور نہیں، وہ دن دور نہیں جب لائن آف کنٹرول کے دونون اطراف کے کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے  پاکستان کی تکمیل کریں گے۔

،وزیراعظمجموں وکشمیرچوہدری انوارالحق
Comments (0)
Add Comment