اسلام آباد(نیوز پلس) چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لئے آخری حد تک جائیں گے، حق کیلئے جنگ بھی کرنا پڑی تو تیار ہیں، حکومت صرف ٹویٹ پر ٹویٹ کئے جا رہی ہے، ہر نالائقی برداشت کر لیں گے لیکن کشمیر پر سودا قبول نہیں،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں کشمیریوں کی حمایت کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے لیکن حکومت کی طرف سے صرف ٹویٹ پہ ٹویٹ کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں، اس سے قبل ہمیں کشمیریوں کے جذبات اور دکھ درد میں شامل ہونا ہو گا، کشمیریوں کیلئے بھرپور سفارتی جنگ لڑنی ہو گی، کشمیریوں کیلئے آخری دم تک لڑیں گے، اگر حق کی خاطر جنگ لڑنا پڑی تو اس کیلئے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر مودی کو بے نقاب کرنا چاہئے، انتہا پسند مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ کشمیریوں کیخلاف بھارتی کارروائیاں روکنے کیلئے دنیا کو واضح اور ٹھوس پیغام دینا ہو گا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں کشمیر میں تھا اور آصف زرداری جیل میں، فریال تالپور کو آدھی رات کو ہسپتال سے جیل منتقل کیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو، حکومت نے معیشیت کو تباہ کر دیا۔