کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، فیلڈ مارشل

کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، فیلڈ مارشل

کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا، چیف آف ڈیفنس فورسز

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور دہشت گردی کسی جواز کے تحت قبول نہیں ، کوئی دہشت گرد اور سہولت کار نہیں بخشا جائے گا؛

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف پاک فوج کے مؤثر اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور اندرونی سلامتی سے متعلق جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بھارتی پشت پناہی سے سرگرم بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم کی حالیہ کارروائیوں اور ان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب اور جارحانہ ردعمل سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی دشمن کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

اس موقع پر ریاستی رٹ کو مضبوط بنانے، عوام کے تحفظ اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ تشدد اور دہشت گردی کو کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کی بحالی اور وطن دشمن سازشوں کو ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کے بلند حوصلے اور مادرِ وطن کے دفاع میں دی گئی قربانیوں کو سراہا۔
اس سے قبل کور کمانڈر کوئٹہ نے کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آرآرمی چیف - فیلڈ مارشل - سید عاصم منیر
Comments (0)
Add Comment