کسی بھی تشدد پسند گروہ کو برداشت نہیں کیا جائیگا، کسی ایک تنظیم کے خلاف نہیں، محسن نقوی

  کسی بھی تشدد پسند گروہ کو برداشت نہیں کیا جائیگا، کسی ایک تنظیم کے خلاف نہیں، محسن نقوی

 کراچی: (اسپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک جس ناز ک دور سے گزر رہا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اس بھنور سے نکلیں، ایسے وقت میں قومی یکجہتی ناگزیر ہے، اکٹھے رہنے ہی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔ چھوٹی باتیں وقت کیساتھ حل ہوجاتی ہیں،

کراچی میں گورنر سند ھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ چھوٹی چھوٹی باتیں چلتی رہتی ہیں جو وقت کیساتھ حل ہوجاتی ہیں، اچھے طریقے سے ٹیک آف کرچکے ہیں، ملک آگے لیکر چلنا ہے، ملک کی بہتری کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ ملکی استحکام و بہتری میں ایم کیوایم پاکستان کا کردار اہم ہے، اس وقت ملک جس موڑ پر ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اس بھنور سے نکلیں، اکٹھے رہنے ہی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا ایک ہی مشن ہے کہ جس طریقے سے ملک آگے بڑھ رہا ہے اسے اسی طرح مزید آگے لے کر جائیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر قومی مفاد میں آگے بڑھیں، کیونکہ اتحاد ہی میں کامیابی پوشیدہ ہے۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیا گیا وفاقی حکومت ایک مذہبی فرقے کو ٹارگٹ کررہی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ کسی بھی تشدد پسند گروہ کو برداشت نہیں کیا جائیگا، پنجاب حکومت ٹی ایل پی کا معاملہ دیکھ رہی ہے، فنڈ ریزنگ کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوگا چند روز میں آپ کو معلوم ہوجائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیزفائر ہوچکا ہے، ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی پر ہمارا ردعمل شدید ہوگا،

 گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سیاسی اور مذہبی رہنماوں سے ملاقات کررہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن کی سربراہی کررہے ہیں، دہشت گردوں سے مقابلہ بھی کررہے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مطمئن بھی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ملک میں امن و امان کیلئے دن رات کوشاں ہیں،ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ کراچی میں امن و امان سے متعلق وزیر داخلہ کو کچھ تجاویز بھی پیش کی ہیں۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر ہے، محسن نقوی کا کراچی آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب افواج پاکستان نے ملک کی عزت و احترام اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جو کردار ادا کیا ہے ،اس میں ہم وزیرداخلہ محسن نقوی کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے۔خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ اس شہر میں وفاق کے نمائندے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ وہ جس طرح رول ادا کررہے ہیں، وہ بھی دیگر صوبوں کے لیے گورنرز کے لیے مثالی ہے

وزیر داخلہ سید محسن نقوی
Comments (0)
Add Comment