اسلام آ باد (نیوز پلس)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ پاک فوج کے سابق افسر کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ دیکھا ہے جو کہ جعلی دکھائی دیتا ہے، کرنل(ر) حبیب طاہر کے اہل خانہ ان کی گمشدگی سے متعلق انتہائی پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر کو 2 سال قبل نیپال سے اغوا کیا گیا تھا۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارت میں انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ بھارت نے حریت رہنماوں کو کئی روز سے قید کررکھا ہے، بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 110روز سے مکمل لاک ڈاوٗن کی صورتحال ہے، انٹر نیٹ اور مواصلاتی نظام بھی منقطع ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال کا نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کی بھارتی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ باعث فخر ہے کہ پاکستان کے ایدھی فاوٗنڈیشن کو شیخ عیسیٰ ایوارڈ دیا گیا۔ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے کہا کہ جی بی کبھی بھی صوبہ بنانے کا نہیں کہا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔