کوئٹہ (نیوز پلس) بلوچستان میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 265 پر پی ٹی آ ئی کے کا میاب امیدوار ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم دیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی کامیابی کے خلاف بی این پی مینگل کے رہنماء اور حلقے سے ہارنے والے امیدوار حاجی لشکری رئیسانی کی دائر درخواست پر سماعت کی۔الیکشن ٹریبونل کے احکامات پر نادرا کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق حلقہ این اے 265 کے 52 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی جس پر ٹریبونل نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار قاسم خان سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے کے انتخابات دوبارہ کرانے کے احکامات جاری کر دیئے۔دوسری جانب درخواست گزار حاجی لشکری رئیسانی نے کہاکہ فتح سچ کی ہوئی، مگر افسوس یہ ہے کہ گزشتہ سال سے اب تک ایک نااہل شخص قومی اسمبلی کا ایوان چلاتا رہاہے ان کا مزید کہا کہاگر صوبے کے مزید حلقے کھولیں جائیں تو ایسے ہی فیصلے آئیں گے۔