کراچی (نیوز پلس ) ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاںبحق ہونے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں قتل کیے جانے کا امکان سامنے آیا ہے، رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا رائٹ ہینڈر تھی جبکہ گولی ڈاکٹر ماہا کے سر میں بائیں جانب سے لگی ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ماہا کی موت 18 گست کو ڈی ایچ اے کراچی میں واقع گھر میں گولی لگنے سے ہوئی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق خودکشی قرار دیئے گئے کیس میں قتل کا عنصر شامل ہونے کا امکان ہے۔
قتل کے عنصر کا شبہ ڈاکٹر ماہا کی میڈیکو لیگل رپورٹ کے بعد سامنے آیا، ایم ایل او رپورٹ میں گولی کنپٹی کے بائیں جانب سے لگی اور دائیں جانب سے باہر نکل گئی۔تفتیشی حکام اور ڈاکٹر ماہا کے والد کا کہنا ہے کہ مرحومہ رائٹی تھیں، جبکہ کرائم سین اور اہلخانہ کے بیان کے مطابق گولی کنپٹی کے سیدھے ہاتھ کی جانب سے لگی اور الٹے ہاتھ کی جانب سے نکل گئی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ زون بشیر بروہی کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ کے بعد ہی ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کا مجسٹریٹ کو لکھا گیا تاکہ تفصیلی میڈیکل اگزامینیشن سے صورتحال واضح ہو اور اگر یہ قتل ہے تو ڈاکٹر ماہا کے اہلخانہ کو بھی شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔میڈیکو لیگل رپورٹ کے بارے میں ڈاکٹر ماہا کے والد کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں گڑ بڑ کی گئی ہے۔