راولپنڈی (نیوز پلس)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
آرمی چیف نے جاتلاں نہر اور سڑکوں کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ سول حکومت کے تعاون سے حالات جلد معمول پر آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز زلزلے کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے احکامات جاری کرتے ہوئے فوج کی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیموں کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ آرمی چیف کے حکم کے مطابق آرمی کی ٹیمیں متاثرین کی بحالی کیلئے مصروف عمل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ آرمی ریسکیو آپریشن میں علاقہ انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔