پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے ملک کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں، عطا اللہ تارڑ
پی ٹی آئی یورپی یونین کو جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کیلئے کوشش کررہی ہے، معیشت کی بہتری کے لئے وزیراعظم دن رات کوشاں ہیں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں،اڈیالہ جیل کے قریب تخریب کاری کی اطلاعات کے سبب ملاقاتوں پرپابندی عائدکی گئی ہے،وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لیے کھلے ہیں، صحافیوں کے حقوق کے لیے پل کا کردار ادا کروں گا، عطاء تارڑ کی پریس کانفرنس
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ترجمانوں کو جیل سے ملک کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں، پی ٹی آئی یورپی یونین کو جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کیلئے کوشش کررہی ہے،معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معیشت کی بہتری کے لئے وزیراعظم دن رات کوشاں ہیں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں،اڈیالہ جیل کے قریب تخریب کاری کی اطلاعات کے سبب ملاقاتوں پرپابندی عائدکی گئی ہے،وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لیے کھلے ہیں، صحافیوں کے حقوق کے لیے پل کا کردار ادا کروں گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہاکہ بطور وزیر اطلاعات پوری کوشش ہوگی کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھاؤں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لئے کھلے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کروں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالتے ہی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر کام شروع کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ گزشتہ روز بلومبرگ نے پاکستان کی معیشت کو صلاحیت رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم کا ذکر ہوا۔
وفاقی وزری نے کہاکہ بلومبرگ نے محمد اورنگزیب کے وزیر خزانہ انتخاب کو بہترین انتخاب قرار دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ بلوم برگ نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کا ذکر کیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ سیاستدان اپنی سیاست کی خاطر ریاست کا نقصان کر رہے ہیں، کسی کو معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لئے مکروہ مہم کا آغاز کیا ہے، پی ٹی آئی یورپی یونین کو پاکستان کا جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کے لئے مہم جوئی کر رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آن لائن پٹیشن کے ذریعے وہ یورپی یونین سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس واپس لیا جائے کہ عمران خان کو قید میں سہولیات نہیں دی جا رہیں۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سازشی عناصر ملکی معیشت پر حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، ماضی میں بھی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر گھناؤنی حرکت کی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے پاکستان کو نقصانات پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں،بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ یہ ملک خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے۔
انہوں نے کہاکہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ شہباز شریف صاحب نے ذاتی دلچسپی لے کر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب دوبارہ یہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ یہ کس حیثیت میں خط لکھ رہے ہیں؟۔
انہوں نے کہاکہ ریاست پاکستان اور قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ معیشت کو ٹھیک کرنے کی حکمت عملی اور اقدامات لئے جا رہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لئے وزیراعظم دن رات کوشاں ہیں، وزیراعظم روزانہ تین سے چار میٹنگز معیشت پر کرتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں، دوسری طرف ایک سیاسی جماعت ہے جسے اپنے آپ سے آگے کچھ نظر نہیں آتا، اسے پاکستان کی سالمیت کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ہے تو زرمبارلہ آئے گا، ہماری ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا، روپیہ مستحکم ہوگا، مہنگائی کم ہوگی، روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ یورپی یونین سے رابطہ کر کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کا کہہ رہے ہیں جو پاکستان کے غریب عوام کو مشکلات کا شکار کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان جیل میں ایک شاہانہ زندگی گذار رہے ہیں، عمران خان کو صرف ایک کمرہ نہیں بلکہ پوری گیلری واک کے لئے دی گئی ہے، جیل مینوئل 1978کے مطابق ہر قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہوتی ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ہفتہ میں چار ملاقاتوں کی اجازت دی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہاکہ ایک ملاقات وکیلوں، ایک ملاقات دوستوں، ایک ملاقات سیاسی رفقااور ایک ملاقات فیملی ممبران سے ہو رہی تھی، عمران خان جب سے قید میں ہیں کئی سو ملاقاتیں کر چکے ہیں، عمران خان کو جیل میں ایکسرسائز کا ایکوئپمنٹ دیا گیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ملک میں ٹوئیٹر چل رہے ٹوئٹس بھی ہورہے ہیں،اگر کوئی نوٹیفکیشن ہے تو سامنے لے آئیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے 9 مئی کو حملے کر کے شہداکی یادگاروں کو مسمار کیا، پی ٹی آئی نے سائفر کی سازش کی اور عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی،انشااللہ پاکستان کا جی ایس پی اسٹیٹس قائم و دائم رہے گا۔انہوں نے کہاکہ چند جیلوں کے اندر تخریب کاری کے خدشہ کے پیش نظر پنجاب حکومت کی طرف سے لیٹر جاری کیا گیا، سیکورٹی آڈٹ کنڈکٹ کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری تھی
۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی سیکورٹی یقینی بنانا جیل حکام اور متعلقہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔