پی ٹی آئی سے 9 مئی کا حساب ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، خواجہ آصف
روف حسن ترلے کررہے ہیں کہ این آر او دے دو۔ ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلا م آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے این آر او مانگ رہے ہیں، روف حسن ترلے کررہے ہیں کہ این آر او دے دو۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کو ریلیف دے، یہ ان سے بھی مذاکرات کرلیں تو ہمیں کوئی اختلاف نہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ سیاسی جماعتوں سے بات نہیں کرنا چاہتے، کیا محمود اچکزئی فوج کے ساتھ بات کریں گے؟وزیر دفاع نے مزید کہا کہ محمود اچکزئی سے سوال کروں گا، کیا وہ فوج کے ساتھ یہ مذاکرات کریں گے؟
بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرنا چاہیے، پوچھتا ہوں اس پر اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی کا کیا موقف ہے؟خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ محمود اچکزئی کو میری بات غلط لگے تو مجھے ٹوک دیں، میں اپنی بات واپس لے لوں گا، سمجھنا ہوگا یہ نیا نظام ہے، نئی قیادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرانا نشہ ہے، ان کے گود میں پرورش پائی، وہ گود بار بار یاد آتی ہے، یہ بھول جاتے ہیں کہ نہ شجاع رہا نہ باوجوہ رہا،نہ فیض رہا۔وزیر دفاع نے کہا کہ ان کو بھنگ کی طرح نشے کا ٹھرک لگا ہے، انہیں بار بار وہی یاد آرہا ہے، مذاکرات کرنے ہیں تو کرلیں ورنہ منت کا کوئی اور طریقہ دریافت کرلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کو یہ آوازیں مار رہے ہیں، ان سے مذاکرات کرنے ہیں، تو کرلیں، کہتے ہیں ہمارا اتحاد ہے، اس کے سربراہ محمود اچکزئی ہیں، وہ مذاکرات کریں گے۔ پہلے اپنے گھرمیں فیصلہ کرلیں کہ مذاکرات کرنے کس سے ہیں، جن سے مذاکرات کرنے ہیں، ان سے بھی کرلیں، ہمارا کوئی اختلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ان کے حالات ہیں اس میں یہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ انہیں ریلیف دے، جب تک 9 مئی کا حساب نہیں ہوگا، کسی قسم کے مذاکرات کسی کے ساتھ نہیں ہوں گے۔