پی ایس ایل 11،کراچی کنگز کو 7وکٹوں سے شکست،پشاور زلمی کی ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار
لاہور: پی ایس ایل11میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی 7وکٹوں سے شکست دے کر ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو برقراررکھاہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 182رنز اسکور کیے۔ جیسن روئے 85رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اعظم خان نے 35رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے اننگز کی آخری 3گیندوں پر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔اس کے علاوہ محمد باسط، افتخار احمد، سفیان مقیم اور ایرون ہارڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔18سالہ علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے ہیں۔ وہ پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے ساتویں بولر ہیں۔ جواب میں پشاور زلمی نے کوشال مینڈس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کا 183رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پشاور زلمی کی جانب سے کوشا ل مینڈس 80اور فرحان یوسف 58رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
یوں پشاور زلمی نے ایونٹ میں 8ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔پشاور زلمی ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے،وہ 9میچز میں 17پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔دوسری جانب کراچی کنگز 8میچز میں 6پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ پشاور زلمی پہلے کی پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔