پنچڈ اعصاب کے باعث سونو نگم شدید تکلیف میں مبتلا، علاج جاری
معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ان دنوں پنچڈ اعصاب (Pinched Nerve) کے عارضے میں مبتلا ہیں اور شدید درد کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے سونو نگم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں کندھے پر پٹیاں باندھے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں سونو نگم نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین سمیت متعدد طبی معائنے کرائے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اعصابی دباؤ اور تناؤ کے مسئلے سے دوچار ہیں، جس کی تشخیص کے لیے گزشتہ ہفتے کئی میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ سونو نگم کے مطابق علاج کے دوران انہیں شدید درد کا سامنا ہے اور فزیو تھراپی کے سیشنز بھی خاصے تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ درد پر قابو پانے کے لیے وہ پین کلرز استعمال کر رہے ہیں، تاہم ادویات کے اثرات کے باعث ان کی آواز اور گلا بھی کچھ بھاری محسوس ہو رہا ہے۔
پنچڈ اعصاب کیا ہے؟
پنچڈ اعصاب ایک ایسی طبی کیفیت ہے جو اس وقت پیدا ہوتی ہے جب کسی اعصاب پر اردگرد کے ٹشوز، جیسے ہڈیاں، پٹھے، کنڈرے، کارٹلیج یا لیگامینٹس ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالیں۔
یہ دباؤ اعصاب کی معمول کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں درد، سن ہونا، جھنجھناہٹ، کمزوری اور دیگر تکلیف دہ علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق پنچڈ اعصاب جسم کے مختلف حصوں میں ہوسکتا ہے، تاہم یہ مسئلہ زیادہ تر گردن، کمر کے نچلے حصے، کلائیوں، کہنیوں اور کندھوں میں دیکھا جاتا ہے۔