پنجاب میں کینسر کے علاج کا نیا دور، مریم نواز نے جدید کرائیو ایبلیشن مشین کا افتتاح کردیا

پنجاب میں کینسر کے علاج کا نیا دور، مریم نواز نے جدید کرائیو ایبلیشن مشین کا افتتاح کردیا

نشتر اسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر قائم، جدید تشخیصی اور علاج کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم ہوں گی

ملتان: (نیوز پلس)  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر اسپتال ملتان میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر سمیت پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کرائیو ایبلیشن مشین کا افتتاح کردیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے نشتر اسپتال میں قائم 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر کا دورہ کیا اور پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے کرائیو ایبلیشن مشین کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار اور کینسر کے علاج کے لیے فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس راجہ جہانگیر نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ کرائیو ایبلیشن جدید طریقہ علاج ہے جس میں خصوصی سوئی کے ذریعے کینسر کی رسولیوں کو نشانہ بنا کر ختم کیا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مریضوں کو کم تکلیف کے ساتھ جدید علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا علاج کرانے والی پہلی مریضہ سے بھی ملاقات کی۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ مسرت ارشد نے کامیاب علاج پر وزیراعلیٰ سے گفتگو کے دوران جذباتی ہوکر آبدیدہ ہوگئیں۔

مریم نواز نے خاتون کو دلاسہ دیا اور ان کی صحت یابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے چین سے کینسر کے جدید علاج کے لیے کرائیو ایبلیشن مشین منگوائی ہے، اب کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید طبی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے کے مختلف علاقوں میں کینسر سمیت دیگر پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
Comments (0)
Add Comment