پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس گائناکولوجی پورٹل کا آغاز
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ میں پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس گائنی پورٹل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد خواجہ، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر سہیل ارشد رانا، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، عبد الصمد اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آگاہی ورکشاپ میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ اور گنگارام ہسپتال کو پیپر فری کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر وردہ اشرف نے لیکچر دیا۔لیکچر میں پروفیسر ماہ جبین، پروفیسر نعیم افضل و دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب اور لیکچر کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس گائناکولوجی پورٹل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ پورٹل گائنی کے مریضوں کے علاج میں بہت سود مند ثابت ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ریڈیالوجی کے شعبہ میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ ایک وقت آئے گا جب ایک ڈاکٹر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بغیر ادھورا رہ جائے گا۔ نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ میں لیول فور کا دو سالہ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ہیلتھ انفارمیٹکس کا ڈیپارٹمنٹ بنایا جا رہا ہے۔ ہیلتھ انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے فیکلٹی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ خدمت انسانیت سے آپ کی موجودہ اور اگلی نسلیں بھی بخشی جاتی ہیں۔
ہسپتالوں میں ہر آنے والے باپ کو اپنا باپ اور ماں کو اپنی ماں سمجھتے ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے لیکچر کے دوران ڈاکٹر وردہ اشرف اور فیکلٹی ممبران کو بھی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے تقریب اورلیکچر کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ میں آرٹیفشل انٹیلی جنس پورٹل گیم چینجر ثابت ہوگی۔ گائناکولوجی آنکولوجی کے شعبہ میں بھی بہتری لا رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ ہم 2024 میں یورو گائناکولوجی و دیگر شعبہ جات میں ایم ایس پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ اس وقت فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ مدر اینڈ چائلڈ کی تعمیر کاپچانوے فیصد حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔