پاکستان کی شام میں اسرائیلی حملے کی مذمت، عالمی برادری سے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ

پاکستان کی شام میں اسرائیلی حملے کی مذمت، عالمی برادری سے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے شام کے شہر ادلب میں واقع ابو الظہور ایئر بیس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلااشتعال کارروائی اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے ابو الظہور ایئر بیس پر کیا جانے والا حملہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کی کارروائیوں سے پہلے سے کشیدہ خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ کسی بھی ملک کی جانب سے بلاجواز فوجی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہیں۔

پاکستان نے شام کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور امن و خوشحالی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے والی کارروائیوں پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ابو الظہور ایئر بیس پر منگل کے روز آٹھ فضائی حملے کیے گئے، جن میں ایئر بیس کے رن وے اور ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکا کی جانب سے بھی اسرائیلی کارروائی پر غیر معمولی تنقید سامنے آئی ہے۔ امریکی حکام نے شام اور ترکی کی سرحد کے قریب واقع شامی فوجی فضائی اڈے پر اسرائیلی حملے کی اطلاعات کو غیر ضروری کشیدگی کا باعث قرار دیا ہے۔

اسرائیل نے تاہم حملوں کے حوالے سے براہِ راست تفصیلی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیلی مؤقف کے مطابق شام موجودہ سکیورٹی صورتحال کی خلاف ورزی کے قریب پہنچ گیا تھا۔ اسرائیل نے دمشق پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ ترکی کی فوج کو مذکورہ فضائی اڈے پر تعینات ہونے کی اجازت دے رہا تھا۔

شام اور ترکی نے حملوں کا ذمہ دار اسرائیلی فوج کو قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقوں کو بین الاقوامی قانون اور ریاستوں کی خودمختاری کے اصولوں کا احترام کرنا ہوگا۔

پاکستان- دفتر خارجہ
Comments (0)
Add Comment