پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گا تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا

پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گا تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے، تاہم بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کی منظوری دے دی گئی ہے، لیکن ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف مقررہ میچ نہیں کھیلے گی۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کی گئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات بھی شامل تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں کھیلے گا، جبکہ پاک-بھارت مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول تھا۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ چیئرمین پی سی بی اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق شرکت کی صورت میں ٹیم کٹ کی رونمائی بھی جلد کی جائے گی، جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی نے متبادل حکمتِ عملی تیار کر رکھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلان بی کے تحت پاکستان، پاکستان شاہینز اور انڈر 18 ٹیموں پر مشتمل ایک متبادل ٹورنامنٹ لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیمٹی 20 ورلڈ کپ 2026
Comments (0)
Add Comment