پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے دی، 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل
آسٹریلیا نے 199 رنز کے تعاقب میں 108 رنز پر ہی ڈھیر، ابرار اور شاداب نے 3،3 کھلاڑیوں کو رنز آؤٹ کیا
پاکستان نے آسٹریلیا کو سات سال بعد ٹی 20 سیریز میں شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے مہمان آسٹریلوی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 108 رنز پر ڈھیر کردیا۔
میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے جبکہ عثمان خان نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 23 رنز بنا سکے جبکہ شاداب خان 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں محض 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم 7 آسٹریلوی بیٹرز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار اسپن بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جہاں آسٹریلیا کی تمام وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں لیں، عثمان طارق نے 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی اور سیریز اپنے نام کرلی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔