پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر 7 سال بعد ٹی 20 سیریزمیں کلین سوئپ کر لیا

پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر 7 سال بعد ٹی 20 سیریزمیں کلین سوئپ کر لیا

لاہور: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 111 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سات سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کیے، جو کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور صائم ایوب نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ بابر اعظم نے 50 جبکہ صائم ایوب نے بھی 50 رنز بنائے۔ فخر زمان 10، کپتان سلمان علی آغا 5 اور خواجہ نافع 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاداب خان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشوس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جوابی اننگز میں 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم بری طرح ناکام رہی اور 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارکوس اسٹوئنس نے 23 اور کیمرون گرین نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی شاندار بولنگ کے سامنے دیگر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کو کلین سوئپ کر کے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔

پاکستان -آسٹریلیا - ٹی 20 سیریز
Comments (0)
Add Comment