اسلام آ باد (نیوز پلس) کیوبن نائب صدر رابرٹو مورالز اوجیدا نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملاقات کی اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، زلزلہ ہویا دیگرقدرتی آفات، کیوبا نے ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔فریقین کا دوا سازی، طب اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اور کیوبا کے درمیان ویزے کی شرط جزوی ختم کرنے کا معاہدہ طے ہوگیا، جس کا اطلاق سفارتی منصب اورسرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد پر ہوگا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوبن نائب صدر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ 87 روز سے بدترین کرفیو لگا رکھا ہے۔