پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے 37 مفاہمتی یادداشتوں،معاہدوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی،تعلیم،صحت ،کھیل، ریلوے، ماحولیاتی تبدیلی اورمصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے 37 مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط کردیئے گئے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ہیں، ایک سال میں دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے، مشترکہ کوششوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کریں گے ، مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی عکاس ہیں،
سٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،دونوں ممالک غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ہیں ، دعاگو ہیں کہ غزہ میں مستقل امن اورخوشحالی آئے جبکہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد دوست او ر سٹریٹجک شراکت دار ہے، دونو ں ممالک کےدرمیان تجارت و معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے، ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے،خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،دفاع کے شعبے میں بھی پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کےلئے پرعزم ہیں، پاکستانی سرمایہ کاروں کوکاروبار کےلئے پرکشش مواقع فراہم کریں گے۔
بدھ کووزیراعظم ہائوس میں پاکستان او ر قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قازقستان کےصدر قاسم جومارت توکایووف بھی موجود تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قازقستان کے صدرقاسم جومارت توکایووف نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کے قیام کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ۔ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے مجموعی طور پر 37مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ 19 دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر قومی معیشت نے پٹرولیم، کان کنی اور جیو سائنسز کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادد اشت ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اورقازقستان کے وزیر دفاع نے اقوام متحدہ میں امن دستوں کی مشترکہ تعیناتی کی مفاہمت کی یادداشت،وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور قازقستان کے پراسیکیوٹر جنرل نے قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے،وفاقی وزیربحری امور جنید انوار چوہدری اور قازقستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے میری ٹائم کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت،وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان اورقازقستان کے وزیر تجارت نے ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے ،
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر قومی معیشت نے کسٹمز کے امور میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ریلو ے کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت ،وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ رانا تنویر حسین اور قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر معیشت نے پلانٹ پروٹیکشن میں تعاون کے معاہدےاور ویٹرنری میڈیسن کے شعبے میں تعاون کے معاہدے ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اورقازقستان کے وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت ، وفاقی وزیرقومی صحت سید مصطفی کمال اورقازقستان کےنائب وزیراعظم و وزیرقومی معیشت نے صحت کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ اور قازقستان کے صدرکی ڈائریکٹر جنرل برائے ٹی وی و ریڈیو کمپلیکس نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور قازقستان کے سرکاری ریپبلکن ٹی وی کے درمیان خبروں کے تبادلے کی مفاہمت کی یادداشت ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اورقازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے موسمیاتی تبدیلی اورماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت ، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اورقازقستان کے وزیرسائنس و اعلی ٰ تعلیم نےوزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اورالفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت ،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اورقازقستان کے سفیر نے بینکاری کے شعبے میں تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،
وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب خان کھچی اور قازقستان کےوزیرسائنس و اعلیٰ تعلیم نے ثقافت اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کے لئے ایکشن پلان ،ڈائریکٹر جنرل نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی ) میجر جنرل فرخ شہزاد رائو اورقازقستان کے چیئرمین منیجمنٹ بورڈ نے نیشنل لاجسٹک سیل اور قازقستان کی کزٹی زی ایکسپریس کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،وزیر مملکت بلال بن ثاقب اور قازقستان کے سفیر نے پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی اور قازقستان کے وزارت مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت اورچیئرمین کراچی پوسٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد اورقازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے معلومات کے تبادلے وپروفیشنل ڈویلپمنٹ کے لئے قازقستان کی کمرشل سی پورٹ کی جائنٹ سٹاک اکتائو انٹرنیشنل کمپنی اور کراچی پورٹ میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت کی دستاویزات کا تبادلہ کیا ۔
اس کے علاوہ جرائم کی روک تھام کےلئے تعاون کے معاہدے ،قازقستان کی سوخان یونیورسٹی اورنیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز(نمل) کے درمیان تعاون کے معاہدے ، پلانٹ پروٹیکشن کے شعبے میں زرعی تحقیقی کونسل اور قازق ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ، پاکستان ٹیلی ویژن اورخبرایجنسی آف قازقستان کے درمیان براڈ کاسٹنگ کے شعبے میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت،پاکستان کے ایگنائیڈٹیکنالوجی فنڈ اورقازقستان کے اٹانومس کلسٹرفنڈ کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان اورقازقستان کی نیشنل ریسرچ ٹیکنیکل یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت ، کاٹن ریسرچ سے متعلق تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ، قازقستان کی آستانہ میڈیکل یونیورسٹی اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ، آستانہ میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کےدرمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،
آستانہ آئی ٹی یونیورسٹی اورغلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں احمد یسوی ریسرچ سنٹر کے قیام کےلئے مفاہمت کی یادداشت ، قائداعظم یونیورسٹی میں الفارابی سنٹرکے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت ، قازقستان کے فارن پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ا ورانسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت ،پاکستان قازقستان سپورٹس سنٹرکے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت ، پاکستان کی نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ اورقازقستان کی وزارت ثقافت و اطلاعات کے درمیان تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت اورقازق انسٹی ٹیوٹ آف سٹینڈرڈ رائزیشن ومیٹارالوجی اور پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے درمیان تعاون کے معاہدے پر عملدرآمد کےلئے دستاویزات پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی صدر قاسم جومارت توکایووف اور ان کے وفد کا دورہ پاکستان پر خیرمقدم کرتے ہیں، یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی جہت دینے کےلئے بہت اہم ہے،قازقستان کے کسی صدر کا 23 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے،صدر قاسم جومارت توکایووف کے ساتھ تعمیری اور مثبت گفتگوہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کو عملی شکل دینے کےلئے پرعزم ہیں،معاہدوں کے حقیقت کا روپ دھارنے سے معاشی اور ثقافتی تعاون میں اضافہ ہوگا،صدر قاسم جومارت توکایووف کےلئے نشان پاکستان کا اعزاز قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔
انہو ں نے کہا کہ غزہ میں امن کی بحالی اور تعمیرنو کےلئے بورڈ آف پیس اہم فورم ہے،پاکستان اور قازقستان غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ہیں،دعاگو ہیں کہ غزہ میں مستقل امن ہو اور خوشحالی آئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کےدرمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ہیں ،ایک سال میں دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے،مشترکہ کوششوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کریں گے،پاکستان اورقازقستان توانائی کے شعبے میں بھی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں،شراکت داری کو فرو غ دیتے ہوئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کےلئے پرعزم ہیں ،دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے دو طرفہ تعلقات پر دور رس اثرات مرتب کریں گے،پاکستان اور قازقستان کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اس موقع پر قازقستان کے صدرقاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ بھرپور استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا مشکور ہوں،دوست ملک پاکستان کے دورے پر بہت خوشی ہے،پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہے،دونوں ملک مشترکہ اقدار و روایات کے امین ہیں،مشترکہ اعلامیہ اور معاہدے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اہم کردار کا معترف ہوں،خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،دفاع کے شعبے میں بھی پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بہت مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و معیشت کے شعبے میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے،ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے،پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کےلئے پرعزم ہیں،ٹرانزٹ ٹریڈ، کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے استعمال پر بھی گفتگو ہوئی،دونوں ملکوں کے درمیان فضائی روابط بھی بہت اہمیت کے حامل ہیں،پاکستان اور قازقستان کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کےلئے سپورٹس سنٹر کا قیام انتہائی اہم پیشرفت ہے،
ثقافت کے شعبے میں تعاون سے عوام کی سطح پر رابطے بڑھیں گے۔قازقستان کے صدر نے کہا کہ پیداواری شعبے میں پاکستان کو پروڈکشن پلانٹ لگانے کی دعوت دیتے ہیں،اسلامک فنانس میں بھی پاکستان کا اہم مقام ہے،اسلامک فنانسنگ کے شعبے میں تعاون پر اضافہ چاہتے ہیں ،سائنس ، تعلیم اور دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں،یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے،قازقستان پاکستانی سرمایہ کاروں کو کاروبار کےلئے پرکشش مواقع کی فراہمی کےلئے پرعزم ہے۔قاسم جومارت توکایووف نے وزیراعظم شہباز شریف کو قازقستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
بشکریہ: اے پی پی