اسلام آباد (نیوز پلس)وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اب کبھی کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوگا بلکہ اب ملکوں کے درمیان امن پیدا کرنیوالاملک بنے گا۔ پاکستان کی سب سے بڑی کوشش سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرانا ہوگی جبکہ ہم نے ٹرمپ کو ایران اور امریکا کی دوستی کروانے کی پیشکش بھی کی تھی۔اسلام آباد میں ہنر مند پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خا ن کا کہنا تھا کہ جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا،،،، کہا کہ قوم کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے ہیں، سکون کی زندگی صرف قبر میں ہی ہوتی ہے، جبکہ انسان کی زندگی میں برا وقت اصلاح کے لیے آتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے، روڈ میپ دے رہا ہوں کہ کیسے عظیم قوم بننا ہے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جیسے جیسے پیسا آئے گا تعلیم، صحت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر زیادہ پیسا خرچ ہوگا، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو تربیت دیں گے، 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کھولیں گے جبکہ 70 سینٹرز پہلے مرحلے میں مدرسوں میں کھولیں گے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے ہنر مند پاکستان کے لیے 30 ارب روپے دیئے ہیں، پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے استعمال ہوں گے، اس سے تنخواہ دار لوگوں کو گھر بنانے کے لیے بینک سے قرضے ملیں گے اور اس سے 40 صنعتیں چل پڑیں گی ساتھ ہی ملک میں بے روزگاری ختم ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ریاست مدینہ انصاف اور انسانیت کے اوپر کھڑی تھی اور ہم نے کمزور اور غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 190 ارب روپے غریب طبقے کو اوپر لانے کے لیے خرچ کیے ہیں ہمیں احساس ہے کہ مشکل وقت ہے، ایک سال پہلے پناہ گاہ بنانا شروع کی تھی اور اب پنجاب اور کے پی میں 170 پناہ گاہیں بن چکی ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ نے کل یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی دی ہے اور اب تک ہم 60 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دے چکے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم غریب بستیوں میں لنگر کھول رہے ہیں کہ لوگ کم از کم بھوکے نہ سوئیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اب اگلا مرحلہ لوگوں کو روزگار دینے کا ہے اور ہم نے اگلے چار سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں لیکن ایک سال ہو چکا ہے بدقسمتی سے قانون عدالت میں پھنسا ہوا ہے، امید ہے لاہور ہائی کورٹ اس کا فیصلہ کردے گی۔