پاکستان ائیر فورس ٹریننگ بیس میانوالی پر حملہ ناکام، 9 دہشت گرد واصل جہنم
سکیورٹی فورسز کے پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی میں کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے تمام 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیاہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتہ کی صبح بیس پر بزدلانہ اور ناکام دہشت گردانہ حملے کے بعد آس پاس کے علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن شروع کیا گیا۔پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے جبکہ حملے کے دوران صرف3غیر آپریشنل طیاروں کوکچھ نقصان پہنچا ہے۔
آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام امن کے تمام دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں اور کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر علی الصبح حملے کی کوشش کی ۔
پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 3دہشتگرد مارے گئے۔اس حملے میں پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے 3 طیاروں اور فیول باوزر کو نقصان پہنچا جبکہ جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن کے دوران باقی 3 دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی