تہران(نیوز پلس)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاسدران انقلاب نے گزشتہ رات امریکیوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے مگر ایسی عسکری کاروائیاں کافی نہیں بلکہ فساد پھیلانے والی امریکی موجودگی کو اس خطے سے ختم کرنا ہوگا۔ قم میں ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جنرل سلیمانی نے ان مکروہ سازشوں کو بے نقاب کیا جنہیں امریکہ کے پیسے اور وسائل سے تیار کیا گیا تھا.۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اس عظیم شہید کی بدولت عراق، شام اور لبنان کو تباہ کرنے کے لئے امریکہ کی شیطانی سازشیں ناکام رہ گئیں۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم آج دنیا کے غنڈوں کے خلاف متحد ہوگئی ہے، امریکی اور اتحادی افواج پر حملہ کامیاب رہا، امریکا جہاں بھی جاتا ہے تباہی اور فساد لاتا ہے لیکن ایران مخالفین کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا جنرل قاسم سلیمانی ایران کے بہادر سپوت تھے، ان میں کوئی منافقت نہیں تھی۔قاسم سلیمانی سیاسی میدان میں بھی جرات کامظاہرہ کرتے تھے۔انہوں نے امریکی جارحیت کا جراتمندی سے مقابلہ کیا۔سید علی خامنہ ای نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر ایرانی قوم صدمے کا شکار ہے لیکن آج کا ایرانی نوجوان ماضی کی نسبت انقلاب پر زیادہ اور کامل یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ ہم اپنے دفاع میں کسی بھی قسم کی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے۔آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں جو بھی ملک یا حکمران ہمارے خلاف باتیں کریں جب تک وہ ایرانی کے خلاف کوئی حرکت نہ کریں تب تک ہم ان کو اپنا دشمن نہیں سمجھتے ہیں لہذا دشمن کی شناخت میں غلطی نہیں ہونی چاہئے.