لاہور (نیوزپلس) پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ، شان مسعود ، محمد وسیم جونیئر اور شاہین شاہ آفریدی کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزروز کی حیثیت سے قومی سکواڈ کے ہمراہ سفر کریں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق فاسٹ باولر محمد وسیم جونیئر سائیڈ سٹرین انجری سے نجات پاکر اب مکمل فٹ ہوچکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا فی الحال لندن میں ری ہیب جاری ہے، وہ 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان) ، شاداب خان نائب کپتان ، آصف علی ، حیدر علی ، حارث رئوف ، افتخار احمد، خوشدل شاہ ،محمد رضوان وکٹ کیپر ، محمد حسنین ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعوداور عثمان قادر شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے لہذا انہوں نے زیادہ تر انہی کھلاڑیوں پر اعتماد کیا ہے جو گزشتہ سال کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد سے قومی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی گزشتہ سال نومبر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے آخری 13 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 9میں کامیابی حاصل کی ہے لہذا مناسب بھی یہی ہے کہ انہیں ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم دیا جائے۔
محمد وسیم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں انہیں تسلی بخش اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، امکان ہے کہ وہ آئندہ ماہ کےآغاز سے لندن میں دوبارہ بائولنگ شروع کر دیں گے۔سلیکٹرز نے شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کے علاوہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی شامل کیا ہے،ان کے علاوہ آل رائونڈر عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد کو انگلینڈ کے خلاف سات ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ شان مسعود، عامر جمال اور ابرار احمد کو پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ فخر زمان گھٹنے کی انجری کے باعث اس سیریز کے لئے دستیاب نہیں ہیں، وہ ایشیا کپ کے فائنل میں فیلڈنگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
بشکریہ : اے پی پی