کراچی ( نیوز پلس ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سے دہشت گردوں کا راج ختم کر دیا ہے اب شہر کی ترقی پر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں 100 سال بعد اتنی زیادہ بارش ہوئی، جس سے شہری متاثر ہوئے، نالوں کو صاف کریں گے مگر انصاف کے ساتھ صاف کریں گے ،نالوں کی صفائی کے دوران کسی کا گھر اس وقت تک نہیں توڑیں گے جب تک اسے نیا گھر نہ دے دیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورے کے دوران کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی پر کارکنوں سےخطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بہادر جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارش سے بہت نقصان ہوا ہے، جن لوگوں کو بارشوں میں نقصان پہنچا ہے ان کا خیال رکھنا پڑے گا اس وقت میں آپ کے ساتھ ہوں، آپ کے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ آیا ہوں، گرین لائن کی وجہ سے ہمارے ڈرینیج کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی کے دوران ہم کسی کے گھر کو کچھ نہیں ہونے دیں گے، مجھے آپ کا ساتھ چاہیے، جیسے آپ نے بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم مانتے ہیں کہ بارش سے کراچی والوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، وفاق سے سندھ کا پیسہ لیں گے۔