اسلام آباد(نیوز پلس)وفاقی حکومت نے بحریہ ٹاؤن کیس میں جمع کرائی گئی رقم لینے کے لئے سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔ اٹارنی جنرل نے وفاق کی جانب سے باضابطہ درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کرائی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق عدالت میں جمع ہونے والی رقم پبلک فنڈ میں جانی چاہیے۔جس پر آج ہی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعیدنے ریمارکس دئیے کہ سندھ حکومت کا موقف سنے بغیر کوئی حکم نہیں دے سکتے، جو بھی فیصلہ ہوگا آئین کے مطابق ہی ہوگااس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے وفاق کی درخواست پر سندھ حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔دوران سماعت جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن نے 27 اگست تک 25 ارب روپے جمع کرانے ہیں،جس پر وکیل بحریہ ٹاؤن نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق رقم جمع کرا دینگے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد کرنے کا حکم جاری کیا۔یاد رہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی نے سات سال کے دوران سپریم کورٹ میں 460 ارب روپے جمع کرانے ہیں۔