وزیر بحری امور کی بیجنگ میں چینی کمپنی کے نائب صدر سے ملاقات، بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق
حکومت بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ جنید انوار چوہدری
بیجنگ: وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی (China Railway Electrification Engineering Group) کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بندرگاہوں، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان جدید، مؤثر اور پائیدار ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی تعمیر کو اولین ترجیح دے رہی ہے کیونکہ مضبوط ٹرانسپورٹ نظام قومی معیشت کو مستحکم بنانے اور تجارت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور مؤثر لاجسٹکس نظام نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت دیں گے بلکہ علاقائی تجارت اور اقتصادی روابط میں بھی نمایاں اضافہ کریں گے۔
جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً چینی کمپنیوں، کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف شعبوں، بالخصوص بندرگاہوں، لاجسٹکس، ریل اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعاون سے بندرگاہی شعبہ نئی منزلیں طے کرے گا اور پاکستانی بندرگاہوں کو اقتصادی راہداریوں اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کے ساتھ مؤثر انداز میں منسلک کیا جائے گا، جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور بندرگاہی منصوبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور ترقی کے وسیع امکانات چینی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی پرکشش ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے بندرگاہوں، جدید ٹرانسپورٹ نظام، لاجسٹکس اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور پاک چین اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔