اسلام آ باد (نیوز پلس)ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے لیے 7 ارب کا پیکیج منظور کیا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن ذوالقرنین کے ہمراہ میڈیا کوپریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نادار اور کمزور طبقے کی زندگی میں خوشحالی وزیراعظم کی ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کا معیار زندگی بلند کرنا وزیراعظم کا نصب العین ہے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا عہد ہے کہ جوں جوں مالی پوزیشن مستحکم ہوتی جائے گی اس کے ریلیف اور ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے،ریاست مدینہ کی سوچ اس عمل کی عکاس ہے ان افراد کو سپورٹ کیا جائے جو حالات کی ستم ظریفی کی وجہ سے کسی نہ کسی مشکل کا شکار ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ و زیر اعظم عمران خان کے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر بدھ سے چینی، دالوں، چاول اور گھی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ پر 7 روپے سے 40 روپے تک کی سبسڈی دی جائے گی۔پیکیج کے تحت یوٹیلٹی اسٹور سے اشیا خریدنے والوں کا شناختی کارڈ نمبر درج کیا جائے گا جبکہ ایک ماہ میں ماہانہ راشن ایک ہی مرتبہ حاصل کیا جاسکے گا۔اس موقع پر چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کا کہنا تھا کہ ملک میں جو مہنگائی کا طوفان ہے حکومت اس کی ذمہ دار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 ارب کے پیکیچ میں ماہانہ بنیادوں پر ایک ارب کی ریلیف صارفین کو فراہم کی جائے گی، آٹے کے لیے ہم نے 2 لاکھ ٹن گندم بہتر قیمت پر حکومت کی مدد سے حاصل کی ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے کہا جارہا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹور نے گھی کی قیمتیں بڑھائی ہیں تو ہم نے کسی ایسی پراڈکٹ کی قیمت نہیں بڑھائی جس پر ریلیف فراہم کیا گیا تھا۔معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہاکہ مستقبل قریب میں ریلیف پیکیج کے تحت 5 کروڑ غریب، بے سہارا اور نادار خاندانوں کو راشن کارڈز دیے جائیں گے۔