حیدرآباد(نیوز پلس) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوامی وزیر اعظم ہیں وہ کبھی بھی استعفیٰ نہیں دیں گے وہ اپنی مدت پوری کریں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع وزیر اعظم نے ملک کے مفاد میں بہترین فیصلہ کیا،یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لئے تبصرہ نہیں کرسکتا. عدالتوں سے بھی امید ہے کہ وہ پاکستان کے مفاد میں کام کریں گے۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ نیب جب کارروائی کرتا ہے جب ان کے پاس ٹھوس ثبوت ہوتے ہیں، وزیراعظم عوامی وزیراعظم ہیں، وہ کبھی بھی استعفی نہیں دینگے،وطن سے باہر جاتے ہی میاں صاحب کی طبیعت بہتر ہوگئی۔ قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سانگھڑ میں سابق وفاقی وزیر جام معشوق علی کی پہلی برسی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لندن جانے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف کی طبعیت کبھی خراب ہی نہیں ہوئی تھی۔ نوازشریف کی صحت ٹھیک ہے تو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جام خاندان کا ملکی سیاست میں اہم کردار رہا ہے۔