وزیر اعظم سے کوہ پیما نائلہ کیانی کی ملاقات،شہبازشریف نے دنیا کی پانچویں بڑی چوٹی، مکالو سر کرنے پر مبارکباد
نائلہ کیانی کا بطور پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیماء، 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنا پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، شہبازشریف
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے عالمی شہرت یافہ پاکستانی کوہ پیماء نائلہ کیانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نائلہ کیانی کو حال ہی میں دنیا کی پانچویں بڑی چوٹی، مکالو سر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیرِ اعظم نے نائلہ کیانی کے بطور اعزازی سفیر برائے تعلیم پاکستان میں تعلیم، کوہ پیمائی کے شعبے کی ترقی اور اس حوالے سے پیشہ ورانہ تربیت کی ترویج کیلئے کام کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
شہبازشریف نے کہاکہ نائلہ کیانی کا بطور پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیماء، 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنا پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ملک میں باصلاحیت خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کھیل اور دیگر شعبوں میں خواتین کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
نائلہ کیانی نے وزیر اعظم کا ملک میں خواتین کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔نائلہ کیانی نے وزیر اعظم کو پاکستان میں کوہ پیمائی کے شعبے میں خصوصی تربیت اور ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز پر عملدرآمد کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔