وزیرداخلہ محسن نقوی سے کینیڈا کی وزیر خارجہ ملاقات ،پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارتِ داخلہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ، سائبر کرائمز کی روک تھام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی تربیت اور ایکسچینج پروگرام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی اور تعلقات کے استحکام میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر فریم ورک مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، کینیڈا کے ہائی کمشنر، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔